پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام جشن آزادی بین الصوبائی باسکٹ بال چیمپین شپ 10 اگست سے کھیلی جائے گی۔ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل خالد بشیر کے مطابق جشن آزادی کو بھر پور انداز میں منانے کیلیے پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پانچ روزہ چیمپین شپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد کی جا رہی ہے جس کا فائنل 14اگست کو کھیلا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جشن آزادی بین الصوبائی باسکٹ بال چیمپین شپ میں مینز اور وویمنز مقابلے ہونگے جس میں پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی جس میں 170سے زاد کھلاڑی اور آفیشلز شرکت کرینگے جبکہ جشن آزادی کے موقع پر چیمپین شپ کے شاندار انعقاد کیلے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن ملک میں باسکٹ بال کھیل کیلیے کوشاں ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی