یورو کپ 2024میں فرانسیسی ٹیم کے کپتان اور فارورڈ کائلیان ایمباپے اپنی ناک تڑوا بیٹھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمنی کے شہر ڈسلڈورف میں آسٹریا کے خلاف ہونے والے میچ میں 25سالہ کائلیان ایمباپے کا چہرہ ہیڈ شاٹ لگانے کی کوشش میں حریف کھلاڑی کے کندھے سے ٹکرا گیا۔ٹکرانے کے باعث ایمباپے کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی اور ناک سے خون بہنا شروع ہو گیا جس کے بعد فارورڈ کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر قریبی ہسپتال لے جایا گیا۔اس حوالے سے فرانسیسی فٹ بال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ایمباپے اب ٹھیک ہیں اور وہ ٹیم کے بیس کیمپ میں واپس آ گئے ہیں۔فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فی الحال سرجری کی ضرورت نہیں ہے، لیکن آنے والے دنوں میں ان کا علاج کیا جائے گا۔ایف ایف ایف ایمباپے کی ناک کی حفاظت کیلئے خصوصی ماسک بنوانے کا سوچ رہی ہے تاہم ایمباپے جمعہ کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں حصہ لیں گے یا نہیں،اس بارے میں کوئی اطلاعات سامنے نہیں آئیں ۔میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرانسیسی فٹ بال ٹیم کے کوچ ڈیڈیئر ڈیشومپس نے کہا کہ آج کا دن کپتان کے لیے اچھا نہیں تھا اور ان کی ناک بری طرح متاثر ہوئی ہے۔یورو کپ 2024میں فرانس کی ساری امیدیں کائلیان ایمباپے سے ہیں، ٹیم کے اس اہم کھلاڑی نے فرانس کے لیے 80میچوں میں 47گولز سکور کیے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی