سربین ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کو سر پر پانی کی بوتل مار دی گئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نواک جوکووچ اٹالین اوپن کے میچ کے اختتام کے بعد آٹوگراف دے رہے تھے تب انہیں سر کے پیچھے بوتل لگی۔درد کی وجہ سے ٹینس اسٹار کو گرائونڈ فوری چھوڑنا پڑا اور انہیں فوری طبی امداد دی گئی۔ویڈیوز کے ذریعے اس بات کا تعین کیا جا رہا ہے کہ بوتل حادثاتی طور پر گر کر لگی یا جان بوجھ کر ماری گئی۔ اس حوالے سے منتظمین نے بتایا کہ نواک جوکووچ کو آٹوگراف دینے کے دوران بوتل لگی، جس کے بعد انہیں طبی امداد دی گئی، وہ اپنے ہوٹل میں ہیں اور ان کی حالت باعث تشویش نہیں۔سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں نواک جوکووچ نے کہا کہ فکر مندی کے پیغامات پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ ایک حادثہ تھا، میں ٹھیک ہوں اور آئس پیک کے ساتھ ہوٹل میں آرام کر رہا ہوں، اتوار کو سب سے ملاقات ہو گی۔واضح رہے کہ نواک جوکووچ نے فرانس کے کورینٹن ماوٹے کے خلاف چھ تین، چھ ایک سے کامیابی حاصل کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی