i کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ،حارث رئوف کے ٹیم میں نہ ہونے پر سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک اور ایرون فنچ کاحیرانی کا اظہارتازترین

January 29, 2026

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی اسکواڈ میں فاسٹ بولر حارث رئوف کے منتخب نہ ہونے پر آسٹریلیا کے سابق کپتان مائیکل کلارک اور ایرون فنچ نے حیرانی کا اظہار کیا ہے۔ایک انٹرویو میں مائیکل کلارک اور فنچ سے بی بی ایل میں شاندار پرفارمنس کے باوجود حارث رئوف کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر سوال کیا گیا جس پر ایرون فنچ نے کہا کہ حارث رئوف کے اسکواڈ میں شامل نہ ہونے پر کافی حیرت ہوئی۔ ایرون فنچ نے کہا کہ حارث رئوف ٹیم میں ایکس فیکٹر لے کر آتے ہیں بس کبھی کبھار حارث رئوف تھوڑے مہنگے ثابت ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ کے پاس کھیل کے تینوں مرحلے میں وکٹیں لینے والا حقیقی باولر ہو اور میرے نزدیک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں وکٹیں لینا سب سے اہم ہوتاہے

خاص طور پر فلیٹ پچز پر۔دوسری جانب مائیکل کلارک نے کہا کہ مجھے بھی حارث رئوف کی سلیکشن نہ ہونے پر حیرت ہوئی ہاں البتہ یہ بات بھی ہے کہ آسٹریلیا میں کھیلنا سری لنکا اور بھارت میں کھیلنے سے مختلف ہے۔ مائیکل کلارک نے کہا کہ جہاں آپ نے کھیلنا ہوتا ہے وہاں کی کنڈیشن کے حساب سے اسکواڈ بنانا ہوتا ہے اور کھلاڑی کو ان کے رول کے حساب سے ٹیم میں سلیکٹ کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو رول بی بی ایل میں حارث رئوف کا تھا وہ ان کا یہاں نہیں لگتا اور میرے خیال میں کھلاڑی کی فارم بھی کافی اہم ہوتی ہے۔مائیکل کلارک نے کہا کہ جب آپ ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ منتخب کرتے ہیں تو آپ کوشش کرتے ہیں کہ کھلاڑی ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ کے ساتھ اچھی فارم کے ساتھ آئیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی