ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی فاتح بھارتی ٹیم کیلئے بھارتی بورڈ کی انعامی رقم کی تقسیم سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں،بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے فاتح ٹیم کیلئے 125کروڑ بھارتی روپے کا اعلان کیا تھا،میڈیا رپورٹ کے مطابق جے شاہ کی اعلان کردہ انعامی رقم 125کروڑ بھارتی روپے 42اراکین میں تقسیم کی جائے گی، بھارتی اسکواڈ میں 15کھلاڑیوں سمیت سپورٹ اسٹاف، ریزروز اور دیگر 42افراد شامل تھے ،میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انعامی رقم تمام افراد میں تقسیم کی جا رہی ہے تاہم انعامی رقم میں سے ہر کسی کو اس کے رول کے مطابق حصہ دیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق 15رکنی اسکواڈ کو یکساں طور پر 5، 5کروڑ روپے دیے جائیں گے، ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کو بھی 5کروڑ روپے ملیں گے جب کہ سپورٹ اسٹاف کے اراکین کو اڑھائی، اڑھائی کروڑ روپے دیے جائیں گے۔انعامی رقم سے سلیکشن کمیٹی کے اراکین کو ایک ایک کروڑ روپے ملیں گے، ایک فزیو تھراپسٹ، 3 تھرو ڈان اسپیشلسٹ، 2مساجر اور اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ کو 2، 2کروڑ روپے ملیں گے جب کہ 4ریزروکھلاڑیوں کو بھی ایک ایک کروڑ روپے مل رہے ہیں۔انعامی رقم کی تقسیم کے حوالے سے تمام کرکٹرز کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی