i کھیل

ٹی 20 ورلڈکپ،بھارتی میڈیا نے پاکستان پر ٹورنامنٹ میں پابندی لگنے کا پروپیگنڈا شروع کردیاتازترین

February 02, 2026

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے معاملے پر بھارتی میڈیا نے پاکستان پر پابندیوں کا پروپیگنڈا شروع کر دیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے ساتھ نہ کھیلنے کے فیصلے کے بعد آج آئی سی سی کی ورچوئل بورڈ میٹنگ ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو باضابطہ فیصلے سے آگاہ نہیں کیا، آئی سی سی اجلاس میں پاکستان کو ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت دیے جانے سے متعلق فیصلہ ہوگا۔ بھارتی میڈیا کا دعوی ہے کہ پاکستان کو بھارت کے خلاف نہ کھیلنے کی وجہ سے پابندیوں اور نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، پاکستانی ٹیم کو اگلے ٹورنامنٹ کے لیے ممکنہ طور پر پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو مالی طور پر بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور آئی سی سی کے ٹاپ ممبر پاکستان کے ساتھ باہمی سیریز کھیلنے سے انکار کرسکتے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں موجودہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی بھی لگائی جا سکتی ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے براڈ کاسٹر کے نقصان کے ازالے کا بھی کہا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت پاکستان نے قومی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کھیلنے کی اجازت دی تاہم حکومت پاکستان نے 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 6 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی