کینیڈا کی گلوبل ٹی ٹوئنٹی کے لیے قومی کھلاڑیوں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان کو این او سی ملنے کا امکان نہیں ہے،ذرائع کے مطابق کینیڈا کی لیگ کسی سیریز سے متصادم نہ ہونے کے باوجود تینوں کھلاڑیوں کو این او سی ملنے کا امکان نہیں ہے، آل فارمیٹ پلیئرز کے لیے پی سی بی کی پالیسی کی وجہ سے ان کھلاڑیوں کو این او سی نہیں دیا جائے گا، پی سی بی آل فارمیٹ پلیئرز کو مصروف انٹرنیشنل شیڈول کی وجہ سے این او سی دینے کے حق میں نہیں ہے،ذرائع کا کہنا ہے حال ہی میں نسیم شاہ کو بھی آل فارمیٹ پلیئر کی وجہ سے دی ہنڈریڈ کے لیے این او سی نہیں ملا، گلوبل ٹی ٹوئنٹی کینیڈا کو آئی سی سی کی جانب سے تاحال منظوری بھی نہیں ملی، کئی معاملات کی وجہ سے آئی سی سی نے لیگ کی منظوری روکی ہوئی ہے، لیگ کی منظوری کے بعد کھلاڑیوں کے این او سی کا باقاعدہ فیصلہ ہو گا،خیال رہے کہ گلوبل ٹی ٹوئنٹی کینیڈا میں محمد عامر، محمد نواز، آصف علی اور افتخار احمد کے بھی مختلف ٹیموں کے ساتھ معاہدے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی