i کھیل

فیفا سیریز، قومی ویمنز فٹبال ٹیم نے تاریخ رقم کردی گرین شرٹس نے پہلے میچ میں8-0گول سے فتحیابتازترین

April 10, 2026

پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کا فیفا سیریز میں شاندار آغاز، گرین شرٹس نے پہلے ہی میچ میں ترک اینڈ کیکوس آئی لینڈز کوصفر کے مقابلے میں آٹھ گولز سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔ آیوری کوسٹ میں جاری فیفا سیریز میں پاکستان وویمن ٹیم تاریخ میں پہلی بار حصہ لے رہی ہے۔ پاکستان نے میچ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دونوں ہاف میں چار، چار گول سکور کے۔پاکستان کی طرف سے اقصی مشتاق اور لیلی بنارس نے دو، دو جبکہ مریم محمود، نادیہ خان، زاہمنہ ملک، اسرا خان ایک ایک گول سکور کیا۔

قومی ٹیم نے اس فتح کے ساتھ اپنی تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی بھی حاصل کر لی، اس سے قبل پاکستان نے ستمبر 2022 میں مالدیپ کو 0-7 سے شکست دی تھی۔ صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن سیدمحسن گیلانی نے وویمن ٹیم کی شاندار فتح پرقوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے وزیراعظم شہباز شریف اورفیلڈ مارشل عاصم منیر کے نام کرتے ہو ئے کہا کہ ہماری بیٹیوں نے فٹبال میدان میں تاریخ رقم کی، ویمنز فٹبال کا سنہری دور شروع ہو چکا ہے۔فیفا سیریز میں پاکستان کا دوسرا میچ بارہ اپریل کو موریطانیہ کیخلاف ہوگا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی