فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) کے سیکرٹری جنرل میتھیاس گراف اسٹرم کی پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی سے اہم ملاقات، صدر پی ایف ایف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوے فیفا ویمنز سیریز میں پاکستان ویمنز ٹیم کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔ فیفا ہیڈکوارٹر میں ہونے والی ملاقات کے دوران پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی نے فیفا حکام کے ساتھ مفید اور نتیجہ خیز بات چیت کی، جس میں پاکستان میں فٹبال کے فروغ، گورننس اور انفراسٹرکچر سے متعلق اہم امور زیرِ بحث آئے۔ اعلامیے کے مطابق فیفا نے پاکستان میں فٹبال انفراسٹرکچر کی بہتری کو اولین ترجیح قرار دیا۔
فیفا سیکریٹری جنرل نے حالیہ فیفا ویمنز سیریز میں پاکستان ویمنز ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر صدر پی ایف ایف نے بھی فیفا کے صدر اور سیکریٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان فٹبال کے لیے مکمل تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔ ملاقات کے دوران پی ایف ایف کی حالیہ سرگرمیوں اور اقدامات پر تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی، جبکہ گزشتہ چند ماہ کی کارکردگی سے بھی فیفا حکام کو آگاہ کیا گیا۔فیفا سیکریٹری جنرل نے پاکستان فٹبال کے روشن مستقبل کے لیے امید کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی