i کھیل

فیفا ورلڈ کپ ، ٹیم کے گروپ مرحلے سے باہر ہونے پر سعودی فٹبال فیڈریشن کے صدر مستعفیتازترین

June 29, 2026

سعودی عرب کی فٹبال ٹیم کے فیفا ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے سے مایوس کن انداز میں باہر ہونے کے بعد سعودی عرب فٹبال فیڈریشن کے صدر یاسر المسحل نے ٹیم کی ناکامی کی پوری ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 میں سعودی عرب کی ٹیم یوروگوئے اور کیپ ورڈے کے خلاف میچ ڈرا کرنے اور اسپین کے ہاتھوں شکست کے بعد گروپ ایچ میں صرف دو پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر رہی، جس کے باعث ٹورنامنٹ میں اس کا سفر گروپ اسٹیج پر ہی ختم ہو گیا۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں یاسر المسحل نے اعتراف کیا کہ نتائج توقعات کے مطابق نہیں رہے اور انہوں نے اپنی مدت پوری ہونے سے پہلے ہی مستعفی ہونے کے فیصلے کی تصدیق کی۔یاسر المسحل نے لکھا قومی ٹیم کا ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی نہ کر پانا ایک ایسا نتیجہ ہے جو ہماری تمام تر امنگوں سے کم تر ہے۔

میں اس کی پوری ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور ان تمام لوگوں سے معذرت خواہ ہوں جو ہماری ٹیم کو ایک بہتر پوزیشن میں دیکھنے کی امید رکھتے تھے۔انہوں نے کہا کہ میری اس سوچ کے تحت کہ ذمہ داری کا تقاضا ہے کہ ایک نئے مرحلے کے لیے موقع فراہم کیا جائے، میں نے موجودہ مدت کے اختتام تک برقرار نہ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ یاسر المسحل نے سات سال تک سعودی عرب فٹبال فیڈریشن کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں اور 2034 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی حاصل کرنے کی سعودی کوششوں میں کلیدی کردار ادا کیا۔ سعودی فٹبال کی یہ مایوس کن مہم ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ برسوں میں سعودی حکومت نے فٹبال کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے اور ملکی لیگ کا معیار بڑھانے کے لیے کرسٹیانو رونالڈو اور نیمار جونیئر جیسے عالمی ستاروں کو شامل کیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی