i کھیل

فیفا کی صدارت کے لیے خاتون کی تعیناتی پر غورتازترین

August 06, 2026

انٹرنیشنل فیڈریشن آف فٹ بال ایسوسی ایشن (فیفا)کے سابق صدر جوزف بلاٹر نے موجودہ صدر جانی انفانٹینو کی جگہ نارویجن فٹ بال فیڈریشن کی صدر لِز کلاوینیس کو فیفا کی قیادت سونپنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بلاٹر کا کہنا ہے کہ فیفا میں اب خواتین کو قیادت کا موقع ملنا چاہیے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق فیفا کے سابق صدر جوزف بلاٹر نے موجودہ صدر جانی انفانٹینو پر بڑھتی ہوئی تنقید کے درمیان نارویجن فٹ بال فیڈریشن کی صدر لِز کلاوینیس کو فیفا کی صدارت کے لیے موزوں امیدوار قرار دیا ہے۔بلاٹر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ لِز کلاوینیس انتہائی قابلِ احترام شخصیت ہیں اور وہ ہمیشہ واضح اور اصولی موقف اختیار کرتی رہی ہیں، بجائے اس کے کہ مروجہ رجحانات کے ساتھ بہہ جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فیفا میں اب وقت آ گیا ہے کہ خواتین تنظیم کی باگ ڈور سنبھالیں۔لِز کلاوینیس ماضی میں پیشہ ور فٹ بال کھلاڑی رہ چکی ہیں اور اس وقت نارویجن فٹ بال فیڈریشن کی صدر ہیں۔ غزہ میں جاری جنگ کے دوران انہوں نے اسرائیل کو بین الاقوامی فٹ بال مقابلوں سے معطل کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی