ایشین گیمز ایتھلیٹکس اسکواڈ میں شامل پاکستانی ایتھلیٹ صاحب اسرا کا کہنا ہے کہ ہدف صرف پرسنل بیسٹ کو بہتر کرنا نہیں، فائنل تک جانا ہے،نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبِ اسرا کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز میں 400میٹر کی دوڑ میں حصہ لے رہی ہوں ، 400میٹر میں میری پرسنل بیسٹ ٹائمنگ 54.58سیکنڈز ہے،انہوں نے کہا کہ کوشش یہی ہوگی کہ ایشین گیمز میں فائنل تک آئوں اور میڈل کے لیے دوڑوں، آج تک پاکستان کی کوئی خاتون ایتھلیٹ ایشین گیمز ٹریک اینڈ فیلڈ فائنل تک نہیں آئیں،انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز کے لیے ہمارا کیمپ بہت دیر سے لگایا گیا تھا، دیگر ملکوں میں سال سال بھر ٹریننگ ہوتی ہے، ہمیں ایک ماہ کا کیمپ ملتا ہے، دنیا سے مقابلے کے لیے ضروری ہے کہ ان جیسی سہولیات ، ماحول اور ٹریننگ دی جائے،صاحبِ اسرا نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود پاکستانی ایتھلیٹس نے بھرپور تیاری کی ہے، ایشین گیمز بڑا ایونٹ ہے ، اس میں اچھا پرفارم کرنا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی