چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان کی عزت ہے اور اس پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت گورننگ بورڈ کا 76 واں اجلا س منعقد ہوا ۔اجلاس میں گورننگ بورڈ کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی ۔اجلاس کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پر اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔گورننگ بورڈ کو قذافی سٹیڈیم ،نیشنل سٹیڈیم اور راولپنڈی سٹیڈیم کی تعمیر نو پر ہونے والی پیش رفت کے بارے بریفنگ دی گئی ۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گورننگ بورڈ کو چیمپئنز ٹرافی سے متعلق اعتماد میں لیا، اس موقع پر اراکین نے آئی سی سی ٹورنامنٹ پر چیئرمین کے اصولی موقف کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہناتھا کہ پہلے دن سے ہی پاکستان اور کرکٹ کی جیت کی بات کر رہا ہوں۔ پی سی بی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے ہر لحاظ سے تیار ہے۔
ہر طرح کی تیاریاں مکمل ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان کی عزت ہے، کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا پاکستان کے اصولی موقف کو ہر کسی نے سراہا ہے۔تمام ٹیموں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہیں گے۔پاکستانی تمام ٹیموں کو اپنے گرائونڈز پر کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کرکٹ میں سیاست کے خلاف ہوں۔ یہ کھیل ہے جس سے کروڑوں شائقین محبت کرتے ہیں ، کھیل کو کھیل رہنا چاہیے۔ محسن نقوی نے کہا چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے قبل سٹیڈیمز کی تعمیر نو کا کام مکمل ہو جائے گا۔ پوری ٹیم دن رات سٹیڈیمز کی تعمیر نو پر محنت سے کام کر رہی ہے۔ اجلاس میں گورننگ بورڈ نے سٹیڈیمز کی تعمیر نو کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا ۔اجلاس میں گورننگ بورڈ کے اراکین، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضی ، پی ایس ایل کے ہیڈ سلمان نصیر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی