سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کہا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقو ی چیمپئنزٹرافی میں ہائبرڈ ماڈل مسترد کرنے پر ڈٹ جائیں تو پاکستان کی جیت ہوگی۔ ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر باسط علی نے کہا کہ سب کو پتا تھا بھارت ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی سیکیورٹی کا بہانا بنائے گا، اگر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اپنی بات پر قائم رہے تو پاکستان کی جیت ہوگی۔ باسط علی نے کہا کہ قوم محسن نقوی کے ساتھ ہے، فیصلہ انہوں نے کرنا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کی طرف جائیں گے یا منع کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کو یہ کہنا چاہیے چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی۔باسط علی نے مشورہ دیا کہ پاکستان اور بھارت کو علیحدہ گروپ میں کردیں اور محسن نقوی کہیں کہ فائنل لاہور میں ہوگا چاہے وہ کوئی سی بھی ٹیم ہو جو میگا ایونٹ کے فائنل میں پہنچے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی