قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم پاکستان آئی تو ویلکم کریں گے،آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں سیریز آسان نہیں ہے لیکن ٹی 20 سیریز میں بھی فتح اولین ترجیح ہے،کوشش ہو گی کہ پاکستان کی جیت کے لیے جو بہتر ہو اسے ٹیم میں شامل کیا جائیگا۔برسبین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا جب آپ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتے ہیں تو چیلنجز تو آتے ہیں، آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں کھیلنا آسان نہیں ہوتا۔پلیئنگ الیون سے متعلق سوال پر محمد رضوان کا کہنا تھا پلیئنگ الیون پر بات ہوئی ہے لیکن کچھ چیزیں سیکریٹ ہیں، میں ہمیشہ مشورے کے ساتھ کھیلتا ہوں، جو ٹیم کیلئے بہتر ہوگا وہ فیصلے کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا فخر زمان، افتخار احمد، محمد عامر اور شاداب خان بڑے کھلاڑی ہیں اور انہوں نے کافی عرصے تک پاکستان کے لیے خدمات انجام دی ہیں، ان کی کمی آسانی سے پوری نہیں ہو سکتی۔ہیڈ کوچ قومی ٹیم جیسن گلیسپی سے متعلق سوال پر محمد رضوان کا کہنا تھا گلیسپی کا تعلق آسٹریلیا سے ہے لیکن وہ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، وہ بہت محنت کرتے ہیں اور ٹیم کو جوڑ کر رکھتے ہیں۔چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے آنے سے متعلق سوال پر محمد رضوان کا کہنا تھا بھارتی ٹیم آئے گی تو انہیں ویلکم کریں گے تاہم یہ بورڈز کے فیصلے ہیں کہ کیا کرنا ہے اور کیا نہیں، ہمیں امید ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی