پاکستان کرکٹ بورڈ نے پانچ چیمپئنز ون ڈے کپ ٹیموں کے کپتانوں کے ساتھ ساتھ12سے 29ستمبر تک فیصل آباد میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کے لیے عارضی اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔کپتانوں کا تقرر پانچ ٹیموں کے مینٹور نے کیا،مصباح الحق (وولوز)، ثقلین مشتاق (پینتھرز)، سرفراز احمد(ڈولفنز)، شعیب ملک (اسٹالینز)اور وقار یونس (لائنز)کے مینٹور ہیں۔ پاکستان کے ٹیسٹ نائب کپتان سعود شکیل کو ڈولفنز کا کپتان مقررکیا گیا ہے، شاہین شاہ آفریدی لائنز کی قیادت کریں گے اور پینتھرز کی قیادت شاداب خان کریں گے۔ پاکستان شاہینز کے کپتان محمد حارث اسٹالینز کی قیادت کریں گے جبکہ محمد رضوان وولوز کی قیادت کریں گے۔ چیمپئنز ون ڈے کپ میں ملک کے بہترین کرکٹرز شرکت کریں گے، 50اوورز کا یہ ٹورنامنٹ سنگل لیگ فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ تمام میچ دوپہر 3بجے شروع ہوں گے، سوائے 16ستمبر کو لائنز بمقابلہ پینتھرز کے میچ کے، جو صبح 9:30بجے شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا اختتام چار دنوں میں تین پلے آف میچوں کے ساتھ ہوگا، جس کا اختتام اتوار 29ستمبر کو فائنل میں ہوگا، 12ستمبر کو افتتاحی میچ میں مصباح الحق کی وولوز کا مقابلہ ثقلین مشتاق کی پینتھرز سے ہوگا۔ پی سی بی نے پانچوں ٹیموں کے لیے عارضی سکواڈز کا بھی اعلان کردیا ہے۔ ان کا انتخاب ٹیم کے مینٹورز نے 150کھلاڑیوں کے ایک پول سے ڈرافٹ کے عمل کے ذریعے کیا تھا، جسے پی سی بی نے فٹنس ٹیسٹ کے بعد فراہم کیا تھا۔ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ 7اور 9ستمبر کو فیصل آباد میں ہوں گے،150کھلاڑیوں میں سے 125پچھلے تین ڈومیسٹک سیزن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے تھے۔ بقیہ 25کھلاڑی وائلڈ کارڈ تھے، جن کا انتخاب ان کے تجربے اور گزشتہ تینوں سیزنوں میں پاکستان، پاکستان شاہینز اور پاکستان انڈر 19 ٹیموں کے لیے کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ہر ٹیم میں موجودہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی بھی شامل ہیں۔