ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارائوں صبا فیصل اور منزہ عارف نے روایتی ساسوں کو مشورہ دیا ہے۔ ڈراموں میں روایتی، سخت مزاج ساسوں اور ماں کا بہترین انداز میں کردار ادا کرنے والی اداکارائوں منزہ عارف اور صبا فیصل نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی۔حقیقی زندگی میں بھی ماں اور ساس کے رشتے نبھانے والی اداکارائوں نے اعتراف کیا کہ سخت مزاج ساسیں ہمیشہ نقصان اٹھاتی ہیں۔اداکارہ منزہ عارف نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے یہ بات محسوس کی ہے کہ بہو پر جتنی پابندیاں لگائیں گی اتنی ہی مزاحمت بھی آئے گی۔اداکارہ کا کہنا تھا بہو کے گھر آتے ہی ساسوں کی سختیاں اور عمل بہو کو ساس کے خلاف کر دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ساسوں کو دوسری خواتین کی باتوں میں نہیں آنا چاہیے، دوسری خواتین اکثر کان بھرتی ہیں اور غلط مشورے دیتی ہیں ۔دوسری جانب اداکارہ صبا فیصل نے اداکارہ منزہ کی رائے تائید کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کو سمجھنا چاہیے، نئی نویلی بہوئوں کو وقت اور محبت دینی چاہیے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی