i کھیل

بنگلا دیش کے ہاتھوں تاریخی شکست،آسٹریلوی کپتان نے تبدیلیوں کا عندیہ دیدیاتازترین

August 17, 2026

ڈارون ٹیسٹ میں بنگلا دیش نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی، جس پر کپتان پیٹ کمنز نے ٹیم کی ناقص کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ کے لیے ممکنہ تبدیلیوں کا عندیہ دیا ہے۔آسٹریلیا اور بنگلا دیش کے درمیان ڈارون میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم نے تاریخی فتح اپنے نام کی۔ بنگلا دیش نے چوتھے روز چائے کے وقفے سے قبل آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی تیاری میں کوئی کمی نہیں تھی، اس لیے شکست کا کوئی بہانہ نہیں بنایا جاسکتا۔ ان کے مطابق بنگلا دیش نے ہر شعبے میں آسٹریلیا کو آٹ کلاس کیا۔کمنز نے کہا کہ پہلے روز وکٹ میں ابتدائی طور پر کچھ مدد موجود تھی لیکن آسٹریلوی بیٹرز کو زیادہ دیر کریز پر رکنا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ ٹیم پیچھے ہوگئی تو واپسی مشکل ہوگئی۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 198 رنز پر آٹ ہوگئی۔

جواب میں بنگلہ دیش نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 426 رنز بنائے اور آسٹریلیا پر دبا بڑھا دیا۔دوسری اننگز میں بھی آسٹریلوی بیٹرز توقعات پر پورا نہ اتر سکے۔ جیک ویدرلڈ دونوں اننگز میں صرف 23 اور صفر رنز بناسکے جبکہ مارنس لبوشین دوسری اننگز میں اچھی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کرسکے۔دوسرے ٹیسٹ سے قبل ٹیم میں تبدیلیوں کے سوال پر پیٹ کمنز نے کہا کہ ابھی میچ ختم ہوا ہے، اس لیے فیصلہ کرنا قبل از وقت ہوگا، تاہم ٹیم مینجمنٹ آئندہ میچ کے لیے ٹیم کے امتزاج پر غور کرے گی۔آسٹریلیا کے لیے واحد نمایاں کارکردگی جوش ہیزل ووڈ کی رہی، جنہوں نے پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں 300 وکٹیں مکمل کیں۔ کیمرون گرین نے بھی ہوم گرانڈ پر اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی۔سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے شکست سے قبل ہی ٹیم میں تبدیلیوں کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے نئے اوپنر اور نمبر 3 پر متبادل کھلاڑی کو موقع دینے پر غور ہونا چاہیے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی