اپنے ہی ہوم گرائونڈ پر نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز میں شرمناک شکست کے زخموں سے چور بھارتی ٹیم کو دورہ آسٹریلیا سے قبل ہی بڑا دھچکا لگ گیا۔بھارت پانچ میچوں کی بارڈر-گاوسکر ٹرافی 2024-25 کے لئے آسٹریلیا کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔ یادگار سیریز کے اس ایڈیشن کا آغاز پرتھ میں پہلے ٹیسٹ سے ہوگا تاہم، کپتان روہت شرما ذاتی وجوہات کی بنا پر سیریز کے افتتاحی مقابلے میں شرکت نہیں کریں گے۔بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق روہت شرما سیریز کے پہلے میچ کے لیے ہندوستانی ٹیم کے ساتھ سفر نہیں کریں گے جس کی وجہ وہ پرتھ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ ٹیم کی آسٹریلیا روانگی سے قبل ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر سے روہت شرما کی عدم موجودگی میں قیادت سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ بمراہ نائب کپتان ہیں لہذا ظاہر ہے کہ اگر روہت دستیاب نہیں ہیں تو وہ پرتھ میں قیادت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کوئی تصدیق نہیں ہے لیکن ہم آپ کو بتائیں گے کہ صورتحال کیا ہوگی امید ہے کہ وہ روہت دستیاب ہوں گے۔
گزشتہ روز پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا روانگی سے قبل اس حوالے سے ایک سوال کے جواب میں گوتم گمبھیر نے بڑا طنز کرتے ہوئے کہا کہ رکی پونٹنگ کا بھارتی کرکٹ سے کیا تعلق ہے؟بھارتی ہیڈ کوچ نے کہا کہ مجھے ویرات کوہلی اور روہت شرما کے حوالے سے کوئی فکر نہیں۔ پونٹنگ کو بھی ہمارے کھلاڑیوں کے بجائے اپنی آسٹریلین ٹیم کے بارے میں بات کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑی اب بھی کھیل کے لیے پرجوش ہیں۔ رنز اور کامیابی کی بھوک ان میں موجود ہے اور گزشتہ برسوں میں انہوں نے بھارت کے لیے کئی بار غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سیریز ڈرا ہونے یا ہارنے کی صورت میں بھارت کو فائنل میں پہنچنے کے لیے دیگر ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا پڑے گا۔سریزکیلئے بھارتی سکواڈ اس طرح ہے ۔روہت شرما( کپتان) ، یشسوی جیسوال، ویرات کوہلی، شبمن گل، کے ایل راہول، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، سرفراز خان، ابھیمانیو ایسوارن، دھرو جوریل (وکٹ کیپر) ، روی چندرن اشون، رویندرا جدیجا، جسپریت بمراہ، (وائس کپتان) محمد سراج، آکاش دیپ، پرسید کرشنا، ہرشیت رانا، نتیش کمار ریڈی، واشنگٹن سندر۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی