پاکستان اسکرائیبل ٹیم کے بیشتر اور اہم کھلاڑیوں کو بھارت کاا ویزا نہیں مل سکا جس کے باعث پاکستان ٹیم ایشین یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ کے ٹائٹل کے دفاع سے محروم ہوگئی۔بھارت نے ورلڈ یوتھ چیمپئن علی سلمان کو بھی ویزا جاری نہیں کیا، پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کا موقف ہے کہ 20 کھلاڑیوں میں سے صرف 6 کھلاڑیوں کو ویزے دیے گئے وہ بھی ایونٹ شروع ہونے سے ایک روز قبل ویزے دیے گئے۔ایشیا یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ بھارت کے شہر دہلی میں شروع ہوگئی، پاکستان نے اس چیمپئن شپ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنا تھا، پاکستان نے 2022 میں ایشین یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ جیتی تھی۔پاکستان یوتھ اسکریبل کے ڈائریکٹر طارق پرویز نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ پاکستانی پلیئرز نے ایونٹ سے دو ماہ قبل ویزوں کیلئے درخواست دی، انڈین ہائی کمیشن نے جان بوجھ کر ویزے دینے میں تاخیرکی، پاکستان نے 20 کھلاڑی اور 5 آفیشلزکے ویزے اپلائی کیے تھے، صرف 6 کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ شروع ہونے سے ایک روز قبل ویزے جاری کیے گئے۔طارق پرویز کا کہنا تھا کچھ آفیشلز اور کھلاڑیوں کی فیملیز کو بھی ویزے دے دیے لیکن پاکستان ٹیم کے جو اہم کھلاڑی تھے انہیں ویزے نہیں دیے گئے ورلڈ یوتھ چیمپئن علی سلمان کو ویزا نہیں دیا گیا بلالا ارشد کو بھی ویزا جاری نہیں کیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی