بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان ٹیسٹ میچ کے وینیو کانپور اسٹیڈیم کی حالت زار پر سوالات اٹھنے لگے،بھارتی میڈیا نے کانپور اسٹیڈیم کی حالت زار کا پردہ چاک کر دیا، ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 27ستمبر سے کانپور میں کھیلا جانا ہے، اس اسٹیڈیم کے ایک اسٹینڈ کو خطرناک قرار دے دیا گیا ہے،اتر پردیش کے پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ نے اسٹیڈیم کی انتظامیہ کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے، اسٹیڈیم کی بالکونی 'سی' خطرناک ہے، مکمل گنجائش کے ساتھ تماشائی نہیں بیٹھ سکتے، اگر مکمل گنجائش کے ساتھ تماشائی بیٹھے تو بالکونی گر سکتی ہے،ڈیپارٹمنٹ نے آگاہ کیا کہ بالکونی سی کے ٹکٹ گنجائش سے آدھے فروخت کے لیے رکھے گئے، اس کی گنجائش 4800ہے، جبکہ 1700ٹکٹ بیچے جائیں گے، 50افراد نے بھی بالکونی میں اچھل کود کی تو بالکونی گر سکتی ہے،اس کے علاوہ کانپور اسٹیڈیم کے وی آئی پی اسٹینڈ کے قریب فلڈ لائٹس کے بلب بھی خراب ہیں، یہاں ہمیشہ روشنی کا مسئلہ رہا ہے، آلودگی کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوتی ہے۔اس سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف بھارت خراب روشنی کے باعث ٹیسٹ میچ بھی نہیں جیت سکا تھا، نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میں تمام لائٹس فنکشنل تھیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی