پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے ٹی ٹونٹی کرکٹ کا ایک اور ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے بابر اعظم ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز مکمل کرنے والے بیٹر بن گئے۔ پاکستانی سٹار بیٹر نے یہ سنگ میل پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران عبور کیا۔بابر نے 338 اننگز میں 12 ہزار ٹی 20 رنز مکمل کیے۔ بابر اعظم نے 345 اننگز میں 12 ہزار رنز بنانے والے ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر کرس گیل کا ورلڈ ریکارڈ توڑا ہے۔ ویرات کوہلی نے 360 ، ڈیوڈ وارنر نے 368 اننگز میں 12 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔ واضح رہے کہ بابر اعظم 12 ہزار ٹی ٹونٹی رنز بنانے والے دنیا کے 12ویں جبکہ دوسرے پاکستانی پلیئر ہیں۔اس سے قبل پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب ملک بھی یہ سنگ میل عبور کر چکے ہیں۔ دریں اثنا کرس گیل مردوں کے ٹی ٹونٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں اب بھی سرفہرست ہیں
انہوں نے 22 سنچریوں اور 88 نصف سنچریوں پر مشتمل 455 اننگز میں 14562 رنز بنا رکھے ہیں جب کہ ان کے ہم وطن پولارڈ 14482 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے مایہ ناز آل رانڈر شعیب ملک 515 اننگز میں 13571 رنز کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں۔ مردوں کے ٹی ٹوئنٹی میں 12000 سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز وں میں کرس گیل(ویسٹ انڈیز) 455 اننگز میں 14562 رنز ،کیرون پولارڈ (ویسٹ انڈیز) 652 اننگز میں 14482 رنز ،ایلکس ہیلز (انگلینڈ) 523 اننگز میں 14449 رنز ،ڈیوڈ وارنر (آسٹریلیا) 434 اننگز میں 14121 رنز ،جوس بٹلر (انگلینڈ) - 466 اننگز میں 13909 رنز ،ویرات کوہلی (بھارت) 398 اننگز میں 13612 رنز ،شعیب ملک (پاکستان) 515 اننگز میں 13571 رنز ،جیمز ونس(انگلینڈ) 470 اننگز میں 13102 رنز ،روہت شرما (بھارت) 452 اننگز میں 12361 رنز ،کوئنٹن ڈی کاک (جنوبی افریقہ) - 439 اننگز میں 12322 رنز ،فاف ڈو پلیسس (جنوبی افریقہ ) 431 اننگز میں 12041 رنز اور بابر اعظم (پاکستان( - 338 اننگز میں 12031 رنز شامل ہیں ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی