ماڈل و اداکارہ مصباح ممتاز نے کہا ہے کہ وہ انسانوں کے بجائے جانوروں اور خصوصی طور پر اپنے پالتو کتوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارتی ہیں۔ ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان کا اصل تعلق گلگت بلتستان سے ہے، جہاں شوبز اور ماڈلنگ میں جانا معیوب سمجھا جاتا ہے اور جب انہوں نے ماڈلنگ کیریئر شروع کیا تو انہیں خاندان سے بھی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ان کے مطابق اگرچہ ہنزہ سے بہت ساری لڑکیاں بہت سارے شعبوں میں جاکر خطے، ملک اور قوم کا نام روشن کر رہی ہیں، تاہم اس باوجود وہاں مسائل موجود ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ ذہنی سکون کے لیے سیر و سیاحت کو زیادہ ترجیح دیتی ہیں، اس کے بعد وہ اپنے اہل خانہ اور پالتو جانوروں کے ساتھ وقت گزارتی ہیں۔مصباح ممتاز کا کہنا تھا کہ وہ انسانوں کے بجائے کتوں کے ساتھ بیٹھنے کو زیادہ ترجیح دیتی ہیں کیوں کہ انسانوں کے مقابلے جانور زیادہ وفادار ہوتے ہیں، وہ پیار دیتے ہیں۔ماڈل و اداکارہ کا کہنا تھا کہ انسان سامنے اور منہ پر تو پیار دیتے ہیں لیکن پیٹ پیچھے برائیاں کرتے ہیں اور ان کی گفتگو کا مرکز خواتین ہوتی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی