پاکستان کے ایکویسٹرین ایتھلیٹ عثمان خان کا گھوڑا ایڈن ڈو ویریٹ المعروف میراج ایشین گیمز میں شرکت کے لیے بحفاظت جاپان پہنچ گیا، تاہم گھوڑے کے ضروری سامان اور طبی کٹس کی ایک کھیپ کی ترسیل میں تاخیر کا سامنا ہے۔پاکستان ایشین گیمز میں پہلی مرتبہ اولمپک ڈسپلن ایونٹنگ میں شرکت کرے گا، جہاں عثمان خان اور ایڈن ڈو ویریٹ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ایکویسٹرین مقابلے 20 سے 23 ستمبر تک ٹوکیو کے جے آر اے ایکویسٹرین پارک میں ہوں گے۔ایڈن ڈو ویریٹ کی جاپان آمد کے باوجود پاکستان ٹیم کے کچھ ضروری سامان کی بروقت ترسیل نہیں ہوسکی، گھوڑوں اور ایکویسٹرین سامان کو اولمپکس اور ایشین گیمز کے لیے منتقل کرنے کے ذمہ دار ایجنٹس کی جانب سے قومی فیڈریشنز کو بتایا گیا کہ متعدد قومی اولمپک کمیٹیوں کا سامان مقررہ وقت پر مقام تک نہیں پہنچ سکا۔
ایجنٹس کے مطابق اصل بکنگ کے علاوہ مزید 4 ہزار 900 کلوگرام سامان لیج پہنچ گیا تھا، تاہم طیارے کے وزن کی مقررہ حد کے باعث تمام سامان ایک ہی پرواز میں منتقل نہیں کیا جاسکا۔لیج پہنچنے کے بعد تمام سامان کو ایک مشترکہ کھیپ کا حصہ بنا دیا گیا، جس کے باعث کسی مخصوص قومی اولمپک کمیٹی کا سامان الگ کرکے پرواز سے اتارنا ممکن نہیں تھا۔ایجنٹس کے مطابق سامان کی جاپان منتقلی میں تیزی لانے کے لیے فوری اقدامات کیے گئے ہیں۔جاپان پہنچنے کے بعد سامان کسٹمز کلیئرنس کے مرحلے سے گزرے گا جس کے بعد اسے ایکویسٹرین مقابلوں کے مقام تک منتقل کیا جائے گا۔مقابلوں کا آغاز 20 ستمبر کو گھوڑوں کے طبی معائنے سے ہوگا، ڈریسیج 21 ستمبر، کراس کنٹری 22 ستمبر اور شو جمپنگ 23 ستمبر کو ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی