افغانستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان بھارت میں ہونے والا ٹیسٹ میچ بارش کی نذر ہو گیا،بھارتی ریاست نوائیڈا کے وجے سنگھ پھاٹک اسپورٹس کمپلیکس میں شیڈول ٹیسٹ میچ میں بارش اور گیلی آئوٹ فیلڈ کی وجہ سے ٹاس تک نہ ہو سکا،ٹیسٹ میچ کے پہلے دو روز موسم ٹھیک ہونے اور سورج نکلے رہنے کے باوجود گیلی آئوٹ فیلڈ کی وجہ سے ٹاس نہ ہو سکا جس نے اسٹاف کی جانب سے گرائونڈ کی تیاریوں پر سوالات اٹھائے جبکہ باقی تین روز مسلسل بارش کی وجہ سے دونوں ٹیمیں میدان میں نہ اتر سکیں،میچ کے آخری روز امپائرز کی جانب سے گرائونڈ کا معائنہ بھی کیا گیا تاہم گرائونڈ میں جگہ جگہ پانی جمع ہونے اور آئوٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ بغیر ٹاس کے ہی ختم کر دیا گیا،افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گریٹر نوئیڈا میں مسلسل بارش کی وجہ سے افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ ختم کر دیا گیا ہے،خیال رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 1890سے لیکر اب تک صرف 7مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ میچ بغیر ایک بھی گیند پھینکے ختم کر دیا گیا ہو، آخری مرتبہ ایسا 1998میں ہوا تھا اور وہ میچ بھی نیوزی لینڈ کا ہی تھا، بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ڈونیڈن میں ہونے والا میچ بارش کی وجہ سے ختم کر دیا گیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی