بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اجے دیوگن نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کے مقبول شاعر اور نغمہ نگار آنند بخشی نے ایک بار پاکستان کے مایہ ناز موسیقار اور گلوکار نصرت فتح علی خان کے پیر پکڑ کر ان سے معافی مانگی تھی۔اجے دیوگن نے حال ہی ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ماضی کا قصہ بیان کیا اور بتایا کہ کس طرح آنند بخشی نے نصرت فتح علی خان کا عاجزانہ پن دیکھ کر شرمندگی محسوس کی تھی۔اجے دیوگن نے بتایا کہ 1990 کی دہائی میں نصرت فتح علی خان کو متعدد بولی وڈ فلموں کی موسیقی ترتیب دینے کے لیے بلایا گیا تھا لیکن معاملہ طے ہوجانے کے بعد آنند بخشی ریہرسل کے لیے نہ آ سکے۔ اداکار کے مطابق نصرت فتح علی خان نے چار سے پانچ دن تک آنند بخشی کے آنے کا انتظار کیا لیکن وہ نہ آئے تو مایہ ناز گلوکار نے کہا کہ انہیں ہی آنند بخشی کے پاس لے جایا جائے۔ آنند بخشی فلیٹس میں رہتے تھے اور ان کی رہائش پہلی منزل پر تھی جب کہ ان کے اپارٹمنٹ میں لفٹ نہیں تھی، اس لیے نصرت فتح علی خان اپنے زائد وزن اور بیماری کے باعث چار افراد کی مدد سے سیڑھیاں چڑھ کر آنند بخشی کے گھر پہنچے۔اجے دیوگن کے مطابق جیسے ہی آنند بخشی نے کھڑکی سے نصرت فتح علی خان کو دیکھا تو شرم کے مارے رو پڑے اور نصرت فتح علی خان کے پائوں میں گر پڑے۔انہوں نے بتایا کہ آنند بخشی نے اعتراف کیا کہ وہ جھوٹی انا میں جی رہے تھے لیکن انہیں اب شرمندگی ہو رہی ہے کہ دوسرے ملک سے آنے والا بڑا موسیقار ان کے گھر تک پہنچ گیا لیکن وہ گھر سے نکل کر ان سے ملنے تک نہ گئے۔اجے دیوگن کا کہنا تھا کہ آنند بخشی نے رو کر نصرت فتح علی خان سے معافی مانگی اور وعدہ کیا کہ کل سے وہ وقت پر ریہرسل کے لیے پہنچیں گے اور بعد میں دونوں نے مل کر انتہائی اچھے اور مقبول گیت بنائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی