قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل رائو نڈر عماد وسیم نے دوسری شادی کرلی۔سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں عماد وسیم نے اپنی دوسری شادی کی اطلاع دی۔عماد وسیم کا کہنا تھا کہ میری پہلی شادی کامیاب نہ ہوسکی جو کہ میری زندگی کے سب سے مشکل ادوار میں سے ایک تھا تاہم اس کے باوجود اس دوران مجھے میری زندگی کی سب سے بڑی نعمتیں میرے بچوں کی صورت میں عطا ہوئیں جن سے میں بے انتہا محبت کرتا ہوں اور یہ محبت کبھی ختم نہیں ہوگی۔عماد وسیم کا کہنا تھا کہ میں ضرورت سے زیادہ عرصے تک صبر کرتا رہا اور امید کا دامن تھام کر ان چیزوں کو بچانے کی کوشش کرتا رہا جو میرے لیے سب سے زیادہ اہم تھیں۔ اس دوران میں نے کچھ ایسے فیصلے کیے جن پر مجھے افسوس ہے کیونکہ میری تاخیر اور خاموشی ایک ایسی صورتِ حال کا باعث بنی جس میں ایک بے گناہ شخص کو ناحق پرکھا گیا اور ایسی تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کی وہ مستحق نہیں تھی، اس معاملے پر میں خود کو ذمہ دار سمجھتا ہوں۔ آل رائو نڈر عماد وسیم کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل اور اپنے والدین کی رہنمائی سے میں نے اب نائلہ سے نکاح کر لیا ہے۔ یہ قدم سوچ سمجھ کر اور واضح نیت کے ساتھ اٹھایا گیا ہے تاکہ ایک ایسی زندگی شروع کی جاسکے جو سکون، استحکام اور باہمی احترام پر قائم ہو۔ نائلہ میری زندگی میں وقار، سکون اور استحکام لانے کا باعث بنی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑھ کر میری وابستگی اپنے بچوں کے ساتھ ہے۔ باپ ہونا صرف نان و نفقہ فراہم کرنے کا نام نہیں بلکہ باپ کی موجودگی، محبت اور رہنمائی بھی اس کا حصہ ہیں۔ اپنی پوری کوشش کے باوجود میں اب بھی ان سے ملنے سے قاصر ہوں۔ میری واحد خواہش یہ ہے کہ میں ان کی زندگی میں فعال اور بامعنی کردار ادا کر سکوں۔انہوں نے اپیل کی کہ میری ذاتی زندگی کو وقار اور رازداری کے ساتھ دیکھا جائے۔ ہر بات پر عوامی مباحثہ ضروری نہیں ہوتا اور نہ ہی ہر معاملے پر تبصرہ لازم ہے۔ بعض اوقات آگے بڑھنے کا سب سے باوقار راستہ ہمدردی اور حدود کے احترام کے ساتھ اختیار کیا جاتا ہے۔خیال رہے کہ عماد وسیم کی 2019 میں ثانیہ اشفاق سے شادی ہوئی تھی اور دونوں کے 3 بچے ہیں۔دسمبر 2025 میں عماد وسیم نے اپنی اہلیہ سے علیحدگی کے لیے کیس دائر کیا تھا۔اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عماد وسیم نے کہا تھا کہ کافی سوچ بچار کی، میرے اور اہلیہ کے درمیان کچھ برسوں سے اختلافات حل نہ ہوسکے اس لیے اب میں نے طلاق کے لیے کیس دائر کردیا ہے۔
عماد وسیم کا کہنا تھا کہ سب سے درخواست ہیکہ ہماری نجی زندگی کا خیال رکھا جائے، پرانی تصاویر کے اوپر دھیان نہ دیں کسی کے ساتھ نہ جوڑا جائے اور کوئی بیانیہ تشکیل دینے سے گریز کیا جائے۔دوسری جانب عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق اس معاملے پر پھٹ پڑیں اور انسٹاگرام اسٹوری میں عماد وسیم کی دوسری شادی کی ویڈیوز اور تصویر جاری کردیں۔ثانیہ اشفاق کا کہنا تھا کہ اب سب کے سامنے ثبوت آچکے ہیں، میں اپنے بچوں کے لیے انصاف چاہتی ہوں۔ انہوں نے عماد وسیم اور ان کی نئی بیوی کو سخت تنقید کا بھی نشانہ بنایا۔ عماد وسیم نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی دوسری شادی کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔پاکستان کے سابق قومی کرکٹر عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق کی جانب سے عماد وسیم کی دوسری شادی کی شیئر کی گئی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ثانیہ اشفاق نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں عماد وسیم کو اپنی نئی دلہن کے ساتھ شادی کی تقریب میں خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔ویڈیو کے ہمراہ انہوں نے جذباتی اور سخت الفاظ میں لکھا کہ وہ اپنے بچوں کے لیے انصاف چاہتی ہیں اور ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔
انہوں نے اشاروں کنایوں میں ایک تیسرے فرد کو اپنی ازدواجی زندگی کے خاتمے کا سبب قرار دیا اور دعوی کیا کہ سچ اب سب کے سامنے آ چکا ہے۔ اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد نے ان کے حق میں ہمدردی کا اظہار کیا۔عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ نے سوشل میڈیا پر ایک بیان بھی جاری کیا ہے جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ دسمبر 2023 میں عماد وسیم نے لاہور میں ان کے بچے کے اسقاط حمل کا انتظام کروایا۔ثانیہ اشفاق نے مزید کہا کہ یہ ایک دھوکہ باز ہے اور ان کے پاس اس واقعے کا ویڈیو ثبوت بھی موجود ہے،دوسری جانب عماد وسیم نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی دوسری شادی کی باضابطہ تصدیق کی۔انہوں نے اپنے پیغام میں اعتراف کیا کہ ان کی پہلی شادی کامیاب نہ ہو سکی اور یہ ان کی زندگی کا مشکل ترین مرحلہ تھا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اسی رشتے سے انہیں تین بچوں کی صورت میں سب سے بڑی خوشی ملی، جن سے ان کی محبت ہمیشہ قائم رہے گی۔عماد وسیم نے بتایا کہ انہوں نے اللہ کے فضل اور والدین کی مشاورت سے نائلہ راجا سے نکاح کر لیا ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا گیا تاکہ ایک پرسکون اور باوقار زندگی کی بنیاد رکھی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نائلہ ان کی زندگی میں استحکام اور اعتماد لے کر آئی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی