انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)کے لیے پاکستان کا دورہ چھوڑنے والے نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔نیوزی لینڈ کے کرکٹرز بھارت میں سیزن کے اچھے آغاز کے لیے میچز کے منتظر ہیں۔نیوزی لینڈ کے 9کرکٹرز کے انڈین پریمیئر لیگ میں معاہدے ہیں جب کہ اب تک 4کرکٹرز کو میچز کھیلنے کا موقع ملا ہے۔آئی پی ایل میں ایک ٹیم میچ کے لیے 4غیر ملکی کھلاڑیوں کو پلیئنگ الیون میں شامل کر سکتی ہے، اس لیے نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو پلیئنگ الیون کا حصہ بننے کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔نیوزی لینڈ میڈیا کے مطابق کیوی کرکٹرز پانی پلانے کے لیے دوڑتے اور صرف پریکٹس کرتے دکھائی دیتے ہیں۔کین ولیمسن تین میچز میں باہر بیٹھے، دو میچز میں 27رنز بنائے جب کہ فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے 4میچز میں 5 وکٹیں حاصل کی ہیں، رچن رویندرا نے 5میچز میں 112رنز اسکور کیے ہیں، نیوزی لینڈ کے سب سے مہنگے پلیئر ڈیرل میچل نے 5میچز میں 118رنز بنائے ہیں۔آئی پی ایل میں میچل سینٹنر، ڈیون کانوے، لوکی فرگوسن، گلین فلپس اور میٹ ہنری کو تاحال کوئی میچ نہیں ملا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی