i کھیل

عالیہ اور شاہین رکھنے پر والدہ پریشان ہوگئی تھیں، مہیش بھٹتازترین

August 01, 2024

بالی ووڈ کے معروف فلمساز اور اداکارہ عالیہ بھٹ کے والد مہیش بھٹ نے اپنی بیٹیوں کے مسلم نام رکھنے پر اپنی والدہ کے ردعمل پر بات کی ہے۔ ایک بھارتی میڈیا ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مہیش بھٹ نے اپنے والدین کے مذہب کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے والد نانا بھائی ایک گجراتی ہندو برہمن تھے جبکہ والدہ شیرین محمد علی مسلمان تھیں۔ انھوں نے کہا کہ والدہ اس وقت کچھ شرمندہ سی ہوجاتی تھیں جب میں بڑے فخر سے اپنی مسلم شناخت کا تذکرہ کرتا۔ انھوں نے کہا والدہ اس وقت اور زیادہ پریشان ہوئیں جب میں نے اپنی بیٹیوں عالیہ اور شاہین کے مسلمانوں والے نام رکھے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ میں دونوں مذاہب کا احترام کرتا ہوں۔مہیش بھٹ نے بتایا کہ سب سے اہم اور دلچسپ بات یہ تھی کہ دونوں نے اپنے اپنے مذاہب کو برقرار رکھا، آپس میں ان میں بلا کی محبت تھی لیکن کبھی ایک دوسرے سے یہ توقع نہیں کی کہ وہ اس کے مذہب کی پیروی کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ممبئی میں 1992 کے ہندو مسلم فسادات کے دوران میری والدہ کو خدشہ تھا کہ ان کی اقلیتی حیثیت ہماری روز مرہ زندگی پر اثر انداز ہوگی، ان فسادات کے دوران وہ میرے بارے میں پریشان رہتی تھیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی