ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے ترکیہ کے صدر طیب اردگان کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ صدر طیب اردگان کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے مابین معاشی ، تجارتی اورسفارتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اہم معاہدے اور مفاہمت کی یادداشتوں ہر دستخط کیے گئے ہیں۔
سیدال خان ناصر نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی، اقتصادی، ثقافتی اور تعلیمی شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں جنہیں اس دورے کے دوران مزید مستحکم کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے صدر مملکت اصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں شہباز شریف کو حالیہ سفارتی کامیابیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی مدبرانہ قیادت اور بہترین سفارتکاری کے باعث پاکستان عالمی سطح پر اپنے مقام کو مزید مضبوط کر رہا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ موجودہ قیادت کی بصیرت اور متحرک خارجہ پالیسی سے پاکستان بین الاقوامی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرے گا۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ ترکیہ کے صدر طیب اردگان کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور بھائی چارے کو مزید تقویت دے گا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی