i پاکستان

بی آر ٹی منصوبوں کے تکمیل سے کراچی کے ٹرانسپورٹ کے نظام میں واضح بہتری آئے گی، شرجیل میمنتازترین

January 23, 2026

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بی آر ٹی منصوبوں کے تکمیل سے کراچی کے ٹرانسپورٹ کے نظام میں واضح بہتری آئے گی۔شرجیل میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو، پی ڈی یلو لائن بی آر ٹی ضمیر عباسی اور ایس ایم ٹی اے کے حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو کراچی میں مزید نئی ای وی بسز اور ای وی ٹیکسی شروع کرنے سے متعلق آگہی دی۔ سی ای او ٹرانس کراچی نے ریڈ لائن پر جاری کام پر اجلاس کو بریفنگ دی، اجلاس میں بتایا گیا کہ نیپا چورنگی کے پاس ریڈ لائن بی آر ٹی کے دونوں اطراف کام مکمل کرنے جا رہے ہیں۔

یلو لائن بی آر ٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے اجلاس کو کام میں پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سینیٹر تاج حیدر پل کے دوسرے حصے کو منہدم کرنے کا کام جاری ہے، جلد ہی دوسرے حصے پر بھی کام شروع کیا جائے گا۔شرجیل مین نے کہا کہ منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی شہر کے اہم مقامات اور کاروباری مراکز کو آپس میں جوڑنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کام میں کسی بھی تاخیر سے گریز کے لئے فیلڈ لیول پر تمام مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے، جدید شہری ٹرانسپورٹ کے بغیر کسی بھی شہر کی ترقی ممکن ہی نہیں، پنک اسکوٹیز کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کیا جائے، انہوں نے ہدایت دی کہ کراچی کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں میں بھی پنک اسکوٹیز کی تقسیم کے پروگرام منعقد کئے جائیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی