i پاکستان

ترک صدر 12فروری کو پاکستان دورہ کرینگے،دونوں ممالک کے مابین متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کا امکانتازترین

February 06, 2025

ترک صدر طیب اردوان کا 12 فروری کو پاکستان کا دورہ متوقع ہے جہاں وہ 13 فروری کو وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ پاکستان-ترکیہ ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کے ساتویں اجلاس میں شریک صدارت ہوں گے۔دورہ کے دوران دونوں ممالک درمیان زرعی شعبے سمیت اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان اور ترکیہ کی قومی غذائی تحفظ اور زراعت کی وزارتوں کے سینئر حکام نے زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں مستقبل کے تعاون کے لیے ایک ایکشن پلان وضع کرنے کے لیے میٹنگ کی۔پاکستان نے ترکیہ کو ملک میں 22 کروڑ جانوروں کو اجاگر کرتے ہوئے مویشیوں کی ویکسی نیشن میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی ہے، جبکہ ترکیہ نے پاکستان کی زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے نامیاتی کاشتکاری، ماہی گیری، آبی وسائل، نرسری تکنیک اور آبی زراعت کی افزائش میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے ماہرین نے شرکت کی جہاں تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے مزید تعاون کو آسان بنانے اور دونوں ممالک کے نجی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کو جوڑنے کے لیے رابطہ پوائنٹس کا اشتراک کرنے پر اتفاق کیا۔ ترکیہ نے پاکستان کی زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے مکمل تعاون کا عزم کیا۔انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو تسلیم کیا اور زراعت اور لائیو اسٹاک کی معیشت کے اہم ستونوں کے طور پر اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے تعاون کو بڑھانے کے لیے اختراعی حل پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔وسیع زرعی زمین اور سازگار حالات کے باوجود پاکستان کی زرعی برآمدات اس کی صلاحیت سے کم ہیں۔ ترکیہ کے ساتھ تعاون سے پیداوار اور برآمدات میں نمایاں بہتری کی توقع ہے۔وزارت قومی غذائی تحفظ و زراعت نے طویل مدتی بین الاقوامی شراکت داری کے ذریعے زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی