i پاکستان

سپیکر قومی اسمبلی کا ضمیر زندہ ہے تو استعفیٰ دیں،شیخ رشید کامطالبہتازترین

September 12, 2024

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سپیکر کا ضمیر زندہ ہے تو استعفیٰ دیں، ورنہ کوئی ایک ممبر ہی ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر دے، بھلے ناکام ہو جائے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس طرح منشیات فروشوں کو نہیں پکڑا جاتا جس طرح پارلیمنٹ سے ایم این ایز کو پکڑا گیا۔ میں 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن کی بات پر قائم ہوں آپ کو پتہ لگ جائے گا یہ میثاق جمہوریت کرنے جا رہے ہیں، ملک میں جمہوریت نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ 50 ارب روپے کا بجلی پر مزید ٹیکا لگا دیا ہے، مردوں کو اور مار رہے ہیں جو پسند ہیں ان کو ریمانڈ نہیں دیا جو ناپسند ہیں ان کا ریمانڈ دے دیا گیا، 16 ماہ ہوگئے کوئی چالان پیش نہیں ہوا، مطلب یہ 20 سال تک فیصلہ نہیں ہو سکتا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک تباہ و برباد ہوگیا ہے، غریب زندہ مر گیا ہے، تعلیم کا یہ حال ہے کہ جہاں 3 ہزار بچیاں پڑھتی تھی وہاں 3 سو بچیاں پڑھتی ہیں، یہ نالائق، نااہل، نکمے، نکھٹو ہیں، اداروں کو جس طرح بدنام کیا جا رہا ہے وہ افسوسناک ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ اصل حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں دیہاڑی دار کو مزدوروں کو کیسز سے نکال دیں، لوگوں کو ساری سمجھ ہے لیکن حالات کے ہاتھوں مجبور ہیں، آئی ایم ایف نے اگلی تاریخ پر بھی پاکستان کا نام ایجنڈے پر نہیں رکھا۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 40 دن کا چلہ کاٹا، بہتر تھا چار سال جیل کاٹ لیتا، جن کے ساتھ ساری زندگی دوستی رہی، دوستوں نے مجھے بھی معاف نہیں کیا ان لوگوں کے خلاف بات نہیں کروں گا جنہوں نے 40 دن چلہ کٹوایا۔ شیخ رشید نے کہا کہ آپ کا کیا خیال ہے، چاروں صوبوں میں جمہوری راج ہے یہ اقتدار کے بھوکے ہیں، انکو نہیں پتہ یہ عوام میں کتنے ذلیل ہو چکے ہیں۔ علی امین گنڈا پور دوست ہیں اڈیالہ جیل سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو نکالنے کی بات کا جواب نہیں دوں گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی