سندھ اور پنجاب حکومت کے درمیان کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے صدر مملکت آصف علی زرداری کی طلبی پر وزیرداخلہ محسن نقوی کراچی پہنچ گئے۔کراچی پہنچنے کے بعد وزیرداخلہ کی سندھ کے وزرا سے ملاقات ہوئی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار کے گھر جا کر ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن بھی موجود تھے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے مرحومہ کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی۔قبل ازیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہو رمیں ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس ڈیفنس کا اچانک دورہ کیا اور پاسپورٹ بنوانے کے لئے آئے شہریوں سے ملاقات کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں سے پاسپورٹ بنوانے کے عمل اور وقت پر ڈلیوری کے بارے میں استفسار کیا۔شہریوں نے پاسپورٹ بنوانے کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ صرف 5 منٹ میں باری آ جاتی ہے اور پاسپورٹ بنوانے کا پراسیس بھی فوری مکمل ہوتا ہے، پہلے کئی کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑتا تھا اور باری پر سسٹم ڈان ہو جاتا تھا۔شہریوں کا کہنا تھا کہ عملہ پورا گائیڈ کرتا ہے اور پاسپورٹ بنوانے کا تمام پراسیس قابل تعریف ہے، پاسپورٹ اب مقررہ مدت کے اندر ڈلیور بھی ہو جاتا ہے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے بہترین انتظامات و شہریوں کے اظہار اطمینان پر انچارج آفس اور عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ آفس آ کر دلی خوشی ہوئی بلاشبہ شہریوں کا اطمینان ہی ہماری کامیابی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی