i پاکستان

سیمنٹ کی مقامی فروخت، برآمدات اور ترسیل میں اضافہتازترین

February 04, 2025

سیمنٹ کی مقامی ترسیل میں 11 فیصد جبکہ برآمدات میں 30.25 فیصد اضافہ ہوگیا۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2025 میں سیمنٹ کی ترسیل میں سال بہ سال 14.08 فیصد اضافہ ہوا، جو گزشتہ سال کے اسی ماہ میں 3.414 ملین ٹن کے مقابلے 3.894 ملین ٹن تک پہنچ گیا، یہ اضافہ مقامی فروخت میں 11.64 فیصد اضافے اور برآمدات میں 30.25 فیصد اضافے سے ہوا۔رپورٹ کے مطابق جنوری میں گھریلو سیمنٹ کی ترسیل 3.313 ملین ٹن رہی جو کہ گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 2.967 ملین ٹن تھی، شمالی خطے کی بنیاد پر سیمنٹ ملوں نے 2.728 ملین ٹن سپلائی کیا، جنوری 2024 کے مقابلے میں 12.08 فیصد اضافہ ہوا جبکہ جنوب میں قائم ملوں نے 19.04 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا، جس سے 1.166 ملین ٹن کی ترسیل ہوئی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیمنٹ کی برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا، شمالی ملوں نے 59,355 ٹن سیمنٹ ایکسپورٹ کی جو گزشتہ سال کے 48,883 ٹن سے 21.42 فیصد زیادہ ہے، جنوری 2024 میں 397,712 ٹن کے مقابلے میں جنوبی ملوں نے 31.34 فیصد اضافے سے 522,336 ٹن سیمنٹ برآمد کی۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جنوری میں اضافے کے باوجود، مالی سال کے پہلے 7 مہینوں (جولائی تا جنوری) کیلئے مجموعی طور پر سیمنٹ کی ترسیل میں 1.71 فیصد کمی واقع ہوئی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 27.295 ملین ٹن کے مقابلے کل 26.827 ملین ٹن رہی، مقامی فروخت 7.59 فیصد کم ہوکر 21.435 ملین ٹن ہوگئی، جبکہ برآمدات 31.54 فیصد بڑھ کر 5.392 ملین ٹن ہوگئیں۔اے پی سی ایم اے کے ترجمان نے سست گھریلو فروخت کو زیادہ ڈیوٹیز اور ٹیکسوں سے منسوب کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ سیمنٹ کو مزید سستی بنانے کیلئے ٹیکس کے ڈھانچے پر نظرثانی کرے۔ صنعت کا خیال ہے کہ صارفین کیلئے لاگت کو کم کرنے سے تعمیراتی سرگرمیوں اور اس شعبے میں روزگار کو فروغ ملے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی