i پاکستان

سیلاب ،پاکستان کی معاشی ترقی میں کمی اور مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے ، عالمی بینک کا انتباہتازترین

October 08, 2025

عالمی بینک نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے باعث معاشی ترقی میں کمی اور مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا اور کہا ہے رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرحِ نمو 2.6 فیصد تک محدود رہنے کا تخمینہ ہے جبکہ حکومت نے رواں مالی سال معاشی ترقی کا ہدف 4.2 فیصد مقرر کر رکھا ہے، اگلے مالی سال پاکستان 3.4 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گا۔عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کی معاشی صورت حال پر رپورٹ جاری کر دی گئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں حالیہ سیلاب کے بعد معاشی بحالی میں سست روی کا خدشہ ہے، سیلابی نقصانات سے مالی سال 2025-26 میں حقیقی جی ڈی پی گروتھ 2.6 فیصد رہنے کا امکان ہے، پاکستان میں رواں مالی سال مہنگائی 7 فیصد سے تجاوز کر سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں زرعی پیداوار میں 10 فیصد کمی، چاول، گنا، کپاس، گندم اور مکئی کی فصل متاثر ہوئی، خوراک کی ترسیل متاثر،مالیاتی خسارہ 5.5 فیصد تک بڑھنے کا خدشہ ہے، معاشی ترقی کا انحصار زرعی شعبے کی بحالی پر ہوگا۔عالمی بینک نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں غربت کی شرح میں اگلے سال ایک فیصد کمی کا امکان ہے، رواں مالی سال غربت کی شرح 44 فیصد اور اگلے مالی سال میں 43 فیصد رہنے کا امکان ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محصولات میں اضافے، اخراجات میں کمی اور زرعی بحالی سے معاشی بہتری ممکن ہے، 5 سالہ اصلاحاتی منصوبے کے تحت ٹیرف میں کمی سے برآمدات میں اضافہ متوقع ہے۔جاری رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سیلاب سے برآمدات میں کمی مگر ترسیلات زر اور تیل کی کم قیمتوں سے توازن ممکن ہوگا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی