وزیر اعظم کے مشیر راناثنااللہ نے کہا ہے کہ اس میں شک نہیں مریم نوازتیاری کررہی ہیں اور وزیراعظم بنیں گی، شہبازشریف خود ان کو وزارت عظمی کاحلف تھمائیں گے۔ایک انٹرویو میں راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ یہ سب تب ممکن ہے جب شہباز شریف سمجھیں گے اب پارٹی کی اگلی نسل کو آنا ہے، شہباز شریف کی جس طرح پرفارمنس ہے ہوسکتا ہے وہی وزیراعظم کے امیدوار ہوں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ محسن نقوی صدر آصف زرداری کے منہ بولے بیٹے ہیں وہ خود کہتے ہیں، محسن نقوی کی صدرآصف زرداری سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔جب بھی ایوان صدر جاتا ہوں محسن نقوی وہاں موجود ہوتے ہیں، مجھے نہیں معلوم صدرآصف زرداری نے محسن نقوی کو کیوں بلایا ہے۔راناثنااللہ نے کہا کہ سیاسی گرما گرمی میں صدر آصف زرداری اور نوازشریف ہی کردار ادا کرسکتے ہیں، پہلے بھی کہا تھا کہ محسن نقوی کی مہربانی ہے ورنہ وہ وزیراعظم بھی بن سکتے تھے۔
ان کاکہنا تھا کہ اب صورتحال تبدیل ہوگئی ہے شہبازشریف کی جو پرفارمنس ہے کوئی ان تک نہیں پہنچ سکتا، الیکشن سے پہلے نوازشریف مسلم لیگ ن کے ڈیکلیئرڈ وزیراعظم کے امیدوار تھے۔الیکشن کے بعد نواز شریف نے کہا اکثریت نہ ہوئی تو وزیراعظم نہیں بنوں گا، نواز شریف نے پارٹی اجلاس میں کہا کہ چاہتا ہوں شہباز شریف وزیراعظم بنیں۔راناثنااللہ نے کہا کہ نوازشریف،شہبازشریف یا پارٹی فیصلہ کبھی بھی کرسکتی ہے کون کس عہدے پر ہوگا، اس میں شک نہیں کہ مریم نواز ہماری مستقبل کی لیڈر ہیں۔نوازشریف فیصلہ کرلیں وزیراعظم بننا ہے تو کوئی رکاوٹ ہی نہیں ہے،وہ فیصلہ کرلیں گے تو شہبازشریف وزارت عظمی ان کے قدموں میں رکھ دیں گے۔بات بگڑی ہی نہیں، مریم نواز وزیراعلی پنجاب، کوئی عثمان بزدار تو نہیں، اپنے صوبے کی ہی بات کرینگی، مریم نواز نے پی پی کو نہیں کہا،ان کی بات کی جو پنجاب کی ترقی سے حسد کرتے ہیں، کوئی مس لیڈ کررہا ہے تو اس کا بندوبست کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی