آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر نے کہاہے کہ سرمایہ کاروں کے بڑے وفد کی پاکستان آمد دونوں ممالک میں مضبوط تعلقات کو ظاہر کرتی ہے،امید ہے دورے کے نتائج سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے سعودی عرب کے وفد نے ملاقات کی ہے ۔سعودی وفد کی سربراہی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کی، اعلی سطح کا سرکاری، تجارتی وفد بھی سعودی وزیر کے ہمراہ تھا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سعودی تجارتی وفد کا دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پائیدار اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ آرمی چیف نے وفد کو پاکستان کی مکمل حمایت اور عزم کی یقین دہانی کرائی ۔ا ن کا کہناتھا کہ بڑے تجارتی وفد کا دورہ پاک، سعودی پائیدار اور برادرانہ تعلقات کی تصدیق کرتا ہے، پاکستانی عوام سعودی عرب کے لیے گہری عزت اور محبت رکھتے ہیں۔آرمی چیف نے امید ظاہر کی کہ دورے کے نتائج سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو گا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت پر تعریف اور شکریہ ادا کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی