i پاکستان

پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں بارش اور کشمیر، گلگت بلتستان اور کے پی میں برف باری سے نظام زندگی درہم برہمتازترین

February 28, 2025

پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں بارش اور کشمیر، گلگت بلتستان اور کے پی میں برف باری کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہونے سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ،کئی سیاح پھنس گئے۔تفصیل کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک،رحیم یار خان،گجرات، سرگودھا، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، کوٹ ادو، چیچہ وطنی سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔ لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، شکر گڑھ، حافظ آباد، کمالیہ اور وہاڑی میں بھی بادل برسنے سے ٹھنڈ بڑھ گئی جب کہ رات اوباڑو اور گھوٹکی میں بھی بارش ہوئی، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں باران رحمت ہوئی، کوئٹہ، سبی، قلات میں بادل خوب برسے، مری میں گرج چمک کیساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی۔بالائی علاقوں کی شاہراہیں بند، گلگت میں شدید بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، شاہراہ قراقرم متعدد مقامات سے بند ہو گئی، داسو کے قریب بارش کی وجہ سے پہاڑ سرک گیا، کئی افراد پھنس گئے، لال پڑی کے مقام پر سیلابی ریلا سڑک بہا کر لے گیا۔گلیات کی بالائی چوٹیوں پر برفباری ہوئی، کوزہ گلی کے مقام پر متعدد گاڑیاں پھنس گئیں، ایبٹ آباد میں شدید برف باری میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔ لوئردیر کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کردیا۔ ادھر گلیات ، وادی نیلم اور وادی لیپا میں شدید برف باری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے سیاح مشکلات کا شکار ہوگئے جب کہ مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔

استور میں تیسرے روز بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے جب کہ 3 روز سے جاری برفباری کے باعث بجلی اورپانی کی سپلائی معطل ہے۔استور کے کئی بالائی علاقوں میں 3 سے 4 فٹ تک برف پڑچکی ہے جس سے نظام زندگی درہم برہم ہے جب کہ خچک کے مقام پر برفانی تودہ گرنے سے استور ویلی روڈ بلاک ہوگئی۔علاوہ ازیں شدید برف باری کے باعث آزاد کشمیر کی وادی لیپا اور کیل سیری کے مقام پر پھنسے 200 کے قریب سیاحوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے، برفانی تودے گرنے سے شاردہ تاوبٹ مرکزی شاہراہ متعدد مقامات پر بند ہوگئی۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں بالائی خیبرپختونخوا، بلوچستان، پنجاب، خطہ پو ٹھو ہار، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے علاوہ راولپنڈی،اٹک،جہلم،گجرات،چکوال گوجرانوالہ سیالکوٹ،نارووال،لاہور،اوکاڑہ،قصور،بہاولنگرمیں بارش اورژالہ باری کا امکان ہے، بہاولپور،شیخوپورہ اورگردو نواح میں بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے،مری،گلیات اور گردونوا ح میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا امکان ہے۔وسطی اورجنوبی پنجاب میں بعض مقامات پر ہلکی سے درمیانی دھند پڑ سکتی ہے۔دیر،چترال،کوہستان،سوات،شانگلہ،مانسہرہ میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے،بٹگرام ،بونیر، ایبٹ آباد،صوابی،مردان میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے،مالاکنڈ، باجوڑ، نوشہرہ، پشاور اور چارسدہ میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔اس کے علاوہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی