پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے )نے7 اکتوبر تک خیبرپختونخوا اور پنجاب میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہوائیں پنجاب کے بالائی علاقوں میں داخل ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال،جہلم اور منڈی بہائو الدین میں بارش کاامکان ہے۔ترجمان نے بتایا کہ گجرات،گوجرانوالہ،حافظ آباد اور وزیر آباد، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ننکانہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کاامکان ہے۔ترجمان کے مطابق 6 اکتوبر تک ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ اور ملتان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جب کہ بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور، رحیم یار خان، مری اور راولپنڈی میں بارش سے دریائوں وندی نالوں میں پانی کے بہائو میں اضافے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ جس کے پیش نظر بارشوں کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 روز میں سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی گجرات پر موجود ہوا کا واضح کم دبا ئوڈیپریشن میں تبدیل ہوگیا جس کے زیرِ اثر کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، جام شورو، ٹھٹہ اور سندھ کے دیگر شہروں میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے سمندر میں شدید طغیانی کے پیش نظر سندھ کے ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے بھی منع کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 24 گھنٹے کیدوران مطلع جزوی ابرآلوداورموسم مرطوب رہنے کاامکان ہے جب کہ شہرمیں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی