پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور کراچی میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 82 برس تھی۔ مرحوم کی نماز جنازہ کنری، ضلع عمرکوٹ میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کردی گئی ۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے سابق وزیر و سینئر سیاستدان نواب محمد یوسف تالپور کے انتقال پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ صدر مملکت نے مرحوم نواب یوسف تالپور کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ۔ صدر مملکت نے سوگواران کے ساتھ اظہار ہمدرد ی اور مرحوم کیلئے دعائے مغفرت، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بھی نواب یوسف تالپور کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نواب یوسف تالپور ایک باوقار سیاستدان اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار شخصیت تھے۔ ان کی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کا انتقال نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی بلکہ ملکی سیاست کے لیے بھی ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔چیئرمین سینیٹ نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
دریں اثناء چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نواب یوسف تالپور کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواب یوسف تالپور پیپلز پارٹی کا اثاثہ تھے، ان کے انتقال کی خبر میرے لئے باعثِ صدمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نواب یوسف تالپور نے ایم آر ڈی کے دوران بہادری سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔دوسری جانب ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفی شاہ نے نواب یوسف تالپور کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور ایک تجربہ کار، مدبر اور دور اندیش سیاستدان تھے۔سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے نواب یوسف تالپور کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ نواب یوسف تالپور کی وفات پیپلزپارٹی اور جمہوری سیاست کیلئے بڑا نقصان ہے۔واضح رہے نواب یوسف تالپور 2024 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213، ضلع عمرکوٹ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ 1993 سے 2024 تک چھ بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور مختلف اہم سیاسی و پارلیمانی امور میں نمایاں کردار ادا کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی