وزیرِ اعظم کے مشیرِ سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سے اتحاد قائم رکھنا ان کی اور ہماری مجبوری ہے، ہمارے اپنے ارکان کو بھی گلے شکوے رہتے ہیں۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو پتہ ہے کہ نہ ہمارے بغیر وہ حکومت بنا سکتے ہیں اور نہ ان کے بغیر ہم حکومت چلا سکتے ہیں۔رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان معاشی بحران سے نکل آیا ہے، حکومت کی ایک سال کی کارکردگی ہر لحاظ سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈائیلاگ پر یقین رکھتے ہیں، جمہوریت ڈائیلاگ سے ہی آگے بڑھتی ہے، ڈیڈ لاک سے نہیں، حکومت کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں آئے گا۔مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا ہے کہ حکومت نے معاملات کو ٹھنڈا کرنا اور سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے، اپوزیشن کا گرینڈ اتحاد ملک کی سیاست اور جمہوریت کے لیے بہتر ہو گا۔رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ کرکٹ بورڈ آزاد ادارہ ہے، جو چاہے کر سکتا ہے، کرکٹ بورڈ نے جو کیا ہے ذاتی رائے ہے، اس پر کابینہ اور پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے۔ان کا کہنا ہے کہ 50، 60 لاکھ روپے کے منٹور بنا دئیے گئے ہیں، بیان دیتے ہیں، انہیں پتہ ہی نہیں کہ ان کا کام کیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی