پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کوئی رعایت نہ ملنے پر عید الفطر کے تین روز اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین اور پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے سربراہ جنید اکبر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پارٹی کارکن عید الفطر کے تینوں دن اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کریں گے جہاں عمران خان قید ہیں۔انہوں نے بھی کہا کہ اگر حکومت حزب اختلاف کی اہم جماعت کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتی ہے تو اسے پہلا قدم اٹھانا ہوگا اور مذاکرات میں اپنی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد میں سب کچھ مثالی نہیں لیکن ان کا کہنا تھا کہ اتحاد کو مضبوط بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔جنید اکبر نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جماعتیں ہماری حمایت کر رہی ہیں، اب ہم ان سیاسی قوتوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو پارلیمنٹ کا حصہ نہیں ہیں، ہم نے جماعت اسلامی کی قیادت سے بھی رابطہ کیا ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ صورتحال میں بہتری آئے گی۔اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے کہ پارٹیوں کے اندر کچھ اختلافات ہیں، جنید اکبر نے کہا کہ اس طرح کی چھوٹی رکاوٹیں اتحاد کو متاثر نہیں کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم عید الفطر کے بعد اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ ہم عید الفطر کے 3 دن اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی