i پاکستان

پاکستان میں ارلی وارننگ سسٹم کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا،چیئرمین این ڈی ایم اےتازترین

March 12, 2025

پاکستان میں ارلی وارننگ سسٹم کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی میں چیئرمین این ڈی ایم اے انعام حیدر ملک نے بتایا پاکستان 277 سیٹلائٹس کے ساتھ لنک ہے اور ہم قدرتی آفات کے بارے میں 6 سے 10 ماہ پہلے پیش گوئی کر سکتے ہیں۔ اس سے مستقبل قدرتی آفات کے نقصانات میں 45 فیصد تک کمی آئے گی۔جنید اکبر کی زیر صدارت پی اے سی اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے آڈٹ پیراز دو ہزار بائیس تئیس کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے انعام حیدر ملک نے کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا 2022 کے سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ عالمی برادری نے بہت کم مالی مدد دینے کا وعدہ کیا اور عملی طور پر کم مدد کی۔ عالمی برادری نے پاکستان سے بین الاقوامی معیار کا سسٹم بنانے کا مطالبہ کیا۔عمر ایوب نے پوچھا این ڈی ایم اے نے تیس ارب روپے کی گرانٹ کہاں خرچ کی۔

این ڈی ایم اے حکام بولے یہ رقم ریلیف، تعمیر نو اور سامان کا اسٹاک برقرار رکھنے کیلئے خرچ کی گئی۔ ان میں ادویات، خیمے اور مشینری وغیرہ شامل ہیں۔ ایک تھنک ٹینک نیشنل ایمرجنسی سینٹر قائم کیا گیا ہے۔اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک سے ملنے والی تیس لاکھ ڈالر کی گرانٹ کے غلط استعمال کا انکشاف بھی ہوا۔ این ڈی ایم اے نے مالی گرانٹ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین پر خرچ کر دی۔ پی اے سی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ماہ میں رپورٹ مانگ لی۔پی اے سی نے این ڈی ایم اے کی جانب سے این ایل سی کو خلاف قواعد ایک ارب نواسی کروڑ روہے کا ٹھیکہ دینے کا بھی نوٹس لیا۔ آڈٹ حکام نے بتایا کہ یہ کنٹریکٹ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلڈنگ کی تعمیر کیلئے دیا گیا۔ یہ کنٹریکٹ بغیر کسی مسابقتی بولی کے ڈائریکٹ ایوارڈ کیا گیا۔ پی اے سی نے وضاحت مانگ لی۔ اجلاس میں وزارت مواصلات کے آڈٹ اعتراضات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی