i پاکستان

پاکستان میں آج بھی باغیوں کی سہولتکاری کی جارہی ہے، جاوید لطیفتازترین

September 12, 2024

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان میں آج بھی باغیوں کی سہولتکاری کی جارہی ہے، میں بہت عرصے سے بول رہا تھا کہ سہولت کاری ہو رہی ہے، اب یہ سہولت کاری حکومت کے لیے وبال جان بن گیا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ماڈل ٹائون لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اسد قیصر صاحب جانتے ہیں جو آج بات کر رہے ہیں، سات آٹھ گھنٹے علی امین گنڈا پور منہ چھپائے بیٹھے رہے، ہر روز نئے سے نیا ڈرامہ۔لیگی رہنما نے کہا کہ آج پاکستان دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی قوت ہے، آج یہ اسلامی ایٹمی قوت عالمی سازشوں کے گرداب میں آگئی ہے، دنیا میں جہاں انقلاب آتا ہے یا تو بغاوت کامیاب ہوتی ہے یا ریاست ٹوٹ جاتی ہے، یا پھر ریاستی ادارے باغیوں کو کچل دیتے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ آج باغی کہہ رہے ہیں جوڈیشل کمیشن بننا چاہے، آج تک کسی نے نہ سنا ہو گا کہ ایک ریاست کا صوبہ ہی ریاست کے خلاف نکل آئے اور اس کو معاف کر دیا جائے۔ جاوید لطیف نے کہا کہ آج عالم یہ ہے کہ پاکستان مخالف قوتیں کھل کر ان باغیوں کی مددکوآ پہنچی ہیں، اگر بغاوت کرنے والوں کو دنیا بھر میں اس طرح تحفظ ملتا ہے تو آپ بھی دیں، وہ ریاست پر سرکاری مشینری رکھتے ہوئے حملہ کے لیے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی بغاوت ہوگی تو قوم سے مل کر گنڈاپور کا مقابلہ کریں گے، ریاست کے وسائل ریاست کے خلاف استعمال کریں گے تو ریاست کو مقابلہ کرنا ہوگا۔لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستانی کو بیرونی سے زیادہ اندرونی باغیوں کا سامنا ہے، باغیوں سے برا سلوک نہ ہوا تو پھر ریاست کو نقصان ہوگا، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والی قوتیں کھل کر سامنے آگئی ہیں، اگر اب مارشل لا ہے تو کیا پی ٹی آئی دور میں مارشل لا نہیں تھا، پارلیمنٹ میں بیٹھ کر جنرل فیض قومی اسمبلی چلاتے رہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی