سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان پارلیمانی روابط کا فروغ دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں معاون ثابت ہو گا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ہنگری کے سفیر بیلافازیکاس نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ہنگری پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کو مزید متحرک اور فعال بنایاجائے گا، انہوں نے کہا کہ ہنگری کی جانب سے پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی وظائف کا اجرا قابل تحسین ہے۔ ہنگری کے سفیر نے امید ظاہر کی کہ سپیکر قومی اسمبلی کے متوقع دورہ ہنگری سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، ہنگری پاکستان کے ساتھ سفارتی، اقتصادی اور تعلیمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی