i پاکستان

پاکستان اور قطر کے درمیان دوستی اور ثقافتی تبادلے مزید گہرے ہونگے، عطا تارڑتازترین

November 01, 2024

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دوستی اور ثقافتی تبادلے مزید گہرے ہوں گے ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے قطر کے وزیر ثقافت عبدالرحمان بن حماد الثانی کی خصوصی دعوت پر فارج ال فن فیسٹیول میں شرکت کی ۔انہوں نے قطر کی وزارت ثقافت اور وزیر ثقافت عبدالرحمان بن حماد الثانی کو فیسٹیول کے لئے بہترین انتظامات کرنے پر مبارکباد دی۔فیسٹیول کے موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کی تاجکستان کی وزیر ثقافت متلوباخون ستورین اور عراق کے وزیر برائے ثقافت ڈاکٹر احمد ال فکک ال بدرانی کے ساتھ ملاقات بھی ہوئی۔اس موقع پر عطا تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قطر کے ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے اور اسے فروغ دینے کی لگن ایک اعزاز ہے، فارج الفن جیسے ایونٹس ثقافتی تبادلوں کی اہمیت کا اظہار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی روابط موجود ہیں، دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، ثقافتی رشتوں کو مزید مضبوط بنانا وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا وژن ہے، ایسے ایونٹس اقوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے، باہمی احترام کو بڑھانے اور مشترکہ ورثے کا تبادلہ کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے عالمی سطح پر فن کے منظر نامے کیلئے روایتی اور جدید قطری فنون پیش کرنے میں فارج ال فن فیسٹیول کے گراں قدر کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی وزارت ثقافت و قومی ورثہ ثقافتی تعاون کے فروغ جیسے اقدامات کی حمایت کرے گی، پاکستان اور قطر کے درمیان دوستی اور ثقافتی تبادلے مزید گہرے ہوں گے۔واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان اور قطر نے ثقافت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، اس معاہدے کے تحت 132 فن پاروں کو قطر بھیجا گیا ہے تاکہ انہیں منظر۔آرٹ اینڈ آرکیٹیکچر آف پاکستان 1940سے اب تک کے تحت قطر میوزیم میں نمائش کے لئے پیش کیا جا سکے۔فارج الفن فیسٹیول 31 اکتوبر سے 6 نومبر تک جاری رہے گا، فیسٹیول میں قطر کے متنوع جدید فنون کو پیش کیا جائے گا۔فارج الفن فیسٹیول فنکاروں، تخلیق کاروں اور ثقافت سے محبت رکھنے والوں کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ہے، اس فیسٹیول میں پورے خطے بشمول دنیا بھر سے فنکاروں کو ورکشاپس اور سیمینارز میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی