i پاکستان

اسپتالوں کے ایمرجنسی اور او پی ڈی کیمرے اب سیف سٹی کنٹرول روم سے مانیٹر ہوں گےتازترین

January 26, 2026

پنجاب کے سرکاری اسپتالوں کے سی سی ٹی وی کیمرے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری اسپتالوں کے ایمرجنسی اور او پی ڈی میں نصب کیمرے براہِ راست سیف سٹی کنٹرول روم سے مانیٹر ہوں گے۔تمام میڈیکل یونیورسٹیوں، ٹیچنگ اور ڈی ایچ کیو اسپتالوں کو فوری عمل درآمد کا حکم جاری کر دیا گیا ہے، معلوم ہوا ہے کہ سابقہ احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے پر دوبارہ سخت ہدایات جاری کی گئیں۔سیف سٹی اتھارٹی کی ٹیموں کو اسپتالوں میں مکمل سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، ضرورت کے مطابق نئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے، اور مریضوں، لواحقین اور طبی عملے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیر صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں سیکیورٹی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی