ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا دورہ ازبکستان دونوں ممالک کے تاریخی قریبی اور مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔ وزیر اعظم کے دورہ ازبکستان کے حوالے سے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ازبک صدر کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف نے ازبکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ دورے کے ذریعے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کی مزید مضبوطی کا بھی اعادہ کیا گیا، دورے کے دوران تجارت باہمی روابط اور ثقافت میں مشترکہ تعاون کے فروغ کا بھی اعادہ کیا گیا۔شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن اور تعاون کے فروغ کے لیے ٹرانس افغان ریلوے اور ٹریڈ کوریڈورز پر بھی بات ہوئی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے 25 فروری کو تاشقند میں پاکستان ازبکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گزشتہ کئی سال سے پاکستان اور ازبکستان کے مابین قریبی رابطوں معاشی پارٹنرشپ کے باعث تعلقات مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دورے کے اختتام پر باہمی دلچسپی کے مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی