i پاکستان

مراکش کشتی حادثے میں ملنے والی 13 لاشوں کی شناخت مکمل، تعلق پاکستان سے نکلاتازترین

February 04, 2025

مراکش کشتی حادثے میں ملنے والی 13 لاشوں کی شناخت کا عمل مکمل کرلیا گیا ۔سفارتی ذرائع کے مطابق مقامی حکام کو صرف 13 لاشیں ہی ملیں اور 13 لاشوں کی شناخت کے عمل کے دوران ان کا تعلق پاکستان سے ثابت ہوا۔ مراکش میں پاکستانی سفارت خانے کے ذرائع نے بتایا کہ میتوں کی شناخت کے لیے نادرا کی خدمات بھی حاصل کی گئیں، فنگر پرنٹس اور تصاویر نادرا کو بھجوائی گئی تھیں، نادرا کی جانب سے تصدیقی عمل مکمل ہونے پر فہرستیں بنائی گئیں۔ذرائع کے مطابق ملنے والی 13 لاشیں ناقابل شناخت اور بغیر دستاویز تھیں، اب جلد ان 13 پاکستانیوں کی لاشوں کی وطن واپسی کاعمل شروع کیاجائے گا، جلد شناخت شدہ لاشوں کی فہرست وزارت خارجہ کو بھجوا دی جائے گی جس کے بعد لاشوں کی واپسی کا عمل بھی شروع کردیا جائے گا۔مراکش کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے جن پاکستانیوں کی شناخت ہوئی ان میں سفیان علی ولد جاوید اقبال، سجاد علی ولد محمد نواز ،رئیس افضل ولد محمد افضل ، قصنین حیدر ولد محمد بنارس، محمد وقاص ولد ثنااللہ، محمد اکرم ولد غلام رسول، محمد ارسلان خان ولد رمضان خان، حامد شبیر ولد غلام شبیر، قیصر اقبال ولد محمد اقبال، دانش رحمان ولد محمد نواز، محمد سجاول ولد رحیم دین، شہزاد احمد ولد ولایت حسین، احتشام ولد طارق محمود شامل ہیں ۔واضح رہے کہ 15 جنوری کو کشتی واقعہ میں 44 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی